امریکہ کی ایبی ڈی اگوسٹینو کو حقیقی اولمپیئن کہا جا رہا ہے کیونکہ انھوں نے پانچ ہزار میٹر کے ابتدائی کوالیفائنگ مقابلے کے دوران بیچ میں ہی رک کر اپنی ایک حریف رنر کی اٹھنے میں مدد کی۔
برازیل کے شہر ریو میں جاری اولمپکس مقابلوں میں امریکی ایتھلیٹ ایبی ڈی اگوسٹینو کی ان کے کھیل کے اس حقیقی جذبے کے لیے پذیرائی ہو رہی ہے۔
انھوں نے نیوزی لینڈ کی نکی ہیمبلن کو سہارا دے کر
اٹھاتے ہوئے کہا: ’اٹھو، ہمیں اس کو پورا کرنا ہے۔‘
اس کے بعد ہیمبلن کی باری تھی جنھوں نے ڈی اگوسٹینو کی مدد کی جب وہ زخمی ہو گئیں۔ ڈی اگوسٹینو اس مقابلے میں آخر پر رہیں۔
ڈي اگوسٹینوں کے وھیل چیئر میں سٹیڈیم سے جانے سے قبل ہیمبلن ان سے گلے ملیں۔
ہیٹ میں ان دونوں میں سے کوئی بھی اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تاہم ان کے جذبے کی پذیرائي کرتے ہوئے انھیں فائنل میں دوڑنے کا موقع دیا جائے گا۔